• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکریٹری دفاع کی سینیٹ کمیٹی کو پروازوں میں بڑھتی تاخیرکی وجوہات پر بریفنگ

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں سیکریٹری وزارت دفاع نے کہا ہے کہ دسمبر تک نجی ایئرلائنز کے بیڑے میں مزید طیارے شامل ہونے کی توقع ہے، جس سے پروازوں کی دستیابی اور سروسز بہتر ہوں گی۔

سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری وزارت دفاع نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی موجودہ صورتحال، پروازوں میں بڑھتی تاخیر اور تاخیر کی وجوہات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے ایئرپورٹس پر پروازوں میں اضافہ اور کئی مقامات پر نائٹ فلائٹ کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے جبکہ پشاور ایئرپورٹ کی مکمل تزئین و بحالی اور نئے ٹرمینل کی ضرورت ہے۔

سیکریٹری وزارت دفاع نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا نے پشاور سے سوات اور لاہور کےلیے براہ راست پروازیں شروع کرنے اور ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ بحال کرکے کمرشل پروازیں چلانے کی تجویز دی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ کی موجودہ صورتحال کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے، ایئرپورٹ کی بہتری کےلیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے ارکان کراچی ایئرپورٹ کا تفصیلی دورہ کریں، ایئرپورٹ کی سابقہ اور موجودہ صورتحال کا تقابلی جائزہ کمیٹی کو پیش کیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 4 فروری 2025ء سے ایئرپورٹس اور ہوا بازی کے شعبے میں بہتری کیلئے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔

گزشتہ ڈیڑھ سال میں بلوچستان کے ایئرپورٹس پر خصوصی توجہ دی گئی، بلوچستان کے مختلف ایئرپورٹس کیلئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا جبکہ کئی ایئرپورٹس پر رات کے اوقات میں پروازوں کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی۔

سیکریٹری وزارت دفاع نے بتایا کہ تکنیکی مسائل بھی پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کی وجوہات میں شامل ہیں، ایک طیارے کی تاخیر پورے آپریشنل نظام کو متاثر کرسکتی ہے۔

دسمبر تک نجی ایئرلائنز کے بیڑے میں مزید طیارے شامل ہونے کی توقع ہے، طیاروں کی تعداد میں اضافے سے پروازوں کی دستیابی اور سروسز کا معیار بہتر ہوگا۔

سیکریٹری وزارت دفاع کے مطابق پشاور ایئرپورٹ کو مکمل تزئین و بحالی اور نئے ٹرمینل کی ضرورت ہے، گلگت کیلئے پی آئی اے کے 2 اے ٹی آر طیارے آپریٹ کر رہے ہیں، آئندہ سیزن تک گلگت کیلئے نئے طیارے شامل کرنے کا منصوبہ ہے، گلگت ایئرپورٹ کے رن وے اور لائٹنگ سسٹم کو جدید اور بحال کردیا گیا ہے، بہتری کے بعد دیگر ایئرلائنز بھی گلگت کیلئے آپریشن شروع کرنے پر غور کرسکتی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1800 ایکڑ پر نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹ کی فزیبلٹی اسٹڈی حتمی مراحل میں ہے، نئے ایئرپورٹ کے حتمی مقام کا انتخاب کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ہوگا۔

پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے بعد نجی ایئرلائنز اپنی آپریشنل صلاحیت بڑھا رہی ہیں، جبکہ علاقائی اور مختصر فاصلے کے روٹس پر چھوٹے طیارے چلانے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید