• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل :ارم انصاری

ملبوسات:مون شیفون بائے سلمان

آرایش: بیلا ڈونا بیوٹی لاؤنج بائے رابعہ بی

کوآرڈی نیشن:عابد بیگ

عکّاسی :ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

حسین و خُوب صُورت نظر آنا ایک فطری خواہش ہے، خاص طور پر لڑکیاںبالیاں تو خُوب سے خُوب تر دکھائی دینے کے لیے اپنی شخصیت کو وقتاً فوقتاً نت نئے انداز میں ڈھالتی رہتی ہیں، تاکہ ہر بار پہلے سے کہیں زیادہ حسین، من موہنی اور سُندر لگیں۔کبھی ہیر اسٹائل بدل لیتی ہیں، تو کبھی پیراہن کا انداز۔بہرحال،فیشن کا جوبھی انداز اپنائیں،سب سے پہلےاپنی شخصیت کا ضرور جائزہ لےلیں کہ آیا وہ آپ پر جچ بھی رہا ہے یانہیں کہ بڑے بوڑھوں کا کہنا ہے، ’’کھائو مَن بھاتا، پہنو جگ بھاتا‘‘۔ تو لیجیے، آج کچھ ایسے دِل کش، دِل نشین ملبوسات کا انتخاب آپ کی نذر ہے کہ جنھیں دیکھ کرآپ کا خود بخود ہی سجنے سنورنے کا مَن کرے گا۔

ذرا دیکھیے، اسکائی بلیو پلین ٹراؤزر کے ساتھ اسکائی بلیو بیس میں پرنٹڈ ایمبرائڈرڈ قمیص اور کنٹراسٹ میں کیڈٹ بلیو رنگ پرنٹڈ دوپٹا کیسا پیارا لگ رہا ہے۔ پھر ایک جانب زرد رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ پرنٹڈ ایمبرائڈرڈ قمیص خُوب کِھل رہی ہے، تو دوسری جانب اِسی انداز کے پِیچ رنگ پیراہن کے بھی کیا ہی کہنے۔اِسی طرح زرد رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ زرد اور سی گرین کے امتزاج میں پرنٹڈ قمیص کا انتخاب بھلا لگ رہا ہے، تو ایک اور انداز میں نارنجی رنگ ٹراؤزر کے ساتھ نارنجی اور چاکلیٹ براؤن کی ہم آمیزی میں پرنٹڈ ایمبرائڈرڈ قمیص بھی بہت بھلی معلوم ہو رہی ہے۔

ان حسین، جاذبِ نظر ملبوسات میں سے کوئی سا بھی زیبِ تن کردیکھیں، دِل سے یہی صدا آئے گی ؎ کُھلی آنکھوں میں خواب ہو جیسے…