اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں ایک ایسی جوہری تنصیب کو نشانہ بنایا ہے جہاں مبینہ طور پر جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق اہم صلاحیتوں پر کام کیا جا رہا تھا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ فضائی حملے میں نشانہ بنائی جانیوالی یہ تنصیب تہران کے قریب تالیغان کمپاؤنڈ میں واقع ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران فضائیہ کی جانب سے کیے گئے متعدد حملوں میں اس مقام کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں ایران نے اس مقام کو جدید دھماکہ خیز مواد کی تیاری اور حساس تجربات کے لیے استعمال کیا، جو مبینہ طور پر عماد منصوبے کا حصہ تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق تالیغان کمپاؤنڈ کو اس سے قبل بھی اکتوبر 2024 میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس وقت اسرائیل نے یہ کارروائی ایران کے ایک میزائل حملے کے جواب میں کی تھی۔
فوجی بیان میں کہا گیا کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل کو یہ معلومات ملی تھیں کہ ایران نے گزشتہ حملوں کے بعد اس تنصیب کو دوبارہ فعال کرنے کے اقدامات شروع کر دیے تھے، حالیہ حملہ ایران کے جوہری عزائم کو نقصان پہنچانے کے لیے جاری فوجی کارروائیوں کی ایک کڑی ہے۔