چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی نے ایک ہزار دن جیل میں گزارے ہیں، ایک دن شفا اسپتال منتقل کردیں تو کیا ہوجائے گا؟
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے معاملے پر پوری جماعت اور پاکستان میں تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ 15 مرتبہ گئے، ہمیں کہا گیا کہ ہائی کورٹ چلے جائیں۔ ہائی کورٹ 20 دفعہ گئے، 21ویں بار تاریخ پڑ گئی اور آج آرڈر آگیا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ذاتی معالج اور خاندان بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہو، یہ تو انسانی بنیادوں پر بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ آئے گا تو پڑھیں گے، جج صاحب نے جو سر سری حکم دیا وہ سنا۔ یہ نہیں سنا کہ یہ حکم دیا کہ فزیشن اور فیملی ممبر کی موجودگی ان کے ساتھ ہو۔ اگر یہ دونوں چیزیں نہ ہوں تو یہ نا مکمل ہے۔