• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی اراکین کانگریس کی وزیراعظم سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن کی قیادت میں ایک امریکی وفد نے ملاقات کی۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر امریکی وفد میں کانگریس مین تھامس سوزی اور کانگریس مین آل گرین شامل تھے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں پوری طرح مصروف ہے۔ سیلاب سے 33 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، 1300 سے زیادہ انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ زراعت، مویشیوں، املاک اور اہم انفرااسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بحالی اور تعمیر نو میں سنگین چیلنجز درپیش ہوں گے، بےپناہ وسائل کی ضرورت ہوگی۔

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کے دوران باہمی احترام، اعتماد، افہام و تفہیم پر مبنی تعمیری اور پائیدار روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ کاربن کے سب سے کم اخراج والے ممالک میں ہونے کے باوجود پاکستان کو موسمیاتی تباہی کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم نے امریکا کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔ 

انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کے وفد کا دورہ عالمی سطح پر آگاہی بڑھانے اور امداد کو متحرک کرنے میں مدد دے گا۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفد کی سربراہ شیلا جیکسن نے سیلاب متاثرین خصوصاً اپنے پیاروں سے محروم ہونے والوں کے لیے اظہار ہمدردی کیا۔

شیلاجیکسن نے وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی قوم اس آفت سے ہمت اور عزم کے ساتھ نمٹے گی۔ امریکی کانگریس اور انتظامیہ اس چیلنج کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ امریکا متاثرہ لوگوں کی تکالیف کم کرنے اور تعمیر نو میں مدد کے لیے مدد فراہم کرے گا۔ 

امریکی کانگریس کا 3 رکنی وفد 4 سے 6 ستمبر 2022 تک پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید