• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز، زرداری کو کسی صورت آرمی چیف کی تقرری نہیں کرنے دینگے، عمران خان

پشاور(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف ، آصف علی زرداری اور چوروں کے ٹولہ کو کسی صورت آرمی چیف کی تقرری نہیں کرنے دیں گے، کیا یہ لوگ آرمی چیف کی تقرری کرسکتے ہیں؟ کیا ہم اتنا اہم عہدہ ان چوروں کے ہاتھ میں دیں گے؟ ہرگز نہیں بلکہ آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر ہونا چاہیے، کیا ہم نے یہ کوئی غلط بات کی ہے؟

 تحریک انصاف کو فوج اور عدلیہ کیساتھ لڑانے کی سازش ہورہی ہے، ہم نے ہمیشہ عدلیہ کی عزت کی ہے، مجسٹریٹ زیبا کے خلاف سخت بیان دینا میرا مقصد تھا نہ میں کسی جج کو دھمکی دینے کا سوچ سکتا ہوں ،جن لوگوں نے بیرونی سازش کا حصہ بن کر ہماری حکومت گرائی اور امپورٹڈ حکمرانوں کو مسلط کیا وہ ملک و قوم کے مجرم اور غدار ہیں، چوروں کا ٹولہ مجھے جتنا دیوار سے لگائے گا میں اتنا ان کیساتھ لڑوں گا اور مقابلہ کروں گا، عوام تیار رہیں ، جلد ملک کو ان چوروں سے آزاد کرانے کیلئے اسلام آباد مارچ کی کال دوں گا، ہم امریکہ اور بھارت کیساتھ دوستی چاہتے ہیں مگر ان کی غلامی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 25ستمبر کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پشاور میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے جلسہ کے دوران نواز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان، مریم نواز، مریم اورنگزیب، آیاز صادق، خرم دستگیر، رانا ثنا اللہ اور مسلم لیگ ن کے دوسر ے قائدین کے بیانات کی ویڈیوز بھی چلائیں، عمران خان نے کہاکہ کل ہمارے خلاف ایک منظم پروپیگنڈا کیا گیا ، امریکی سازش کے تحت ملک پر چوروں کا ٹولہ مسلط کیا گیا جو30سالوں سے ملک کو لوٹ کر عوام کا خون چوس رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید