بھارت کو مذہب، رنگ و نسل کی بنیاد پر تقسیم سے بچانے کے لیے بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا اعلان کردیا۔
کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی کی قیادت میں پانچ ماہ تک جاری رہنے والی یاترا بھارت کی 12 ریاستوں کا سفر کرے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کی عوام سے رابطے کی مہم بھارت جوڑو یاترا جمعرات کی صبح تامل ناڈو کے قصبے کنیا کماری سے شروع ہوکر سری نگر جموں کشمیر تک جائے گی۔
یاترا میں سو سے زائد ارکان کانگریس راہول گاندھی کے ہمراہ ہوں گے، یاترا میں راہول گاندھی لوگوں سے مل کر ان کے مسائل سنیں گے۔
کانگریس پارٹی کے رہنما ششی تھرور کا کہنا ہے کہ بھارت جوڑو یاترا کا مقصد بھارت کو مذہب، رنگ و نسل کی بنیاد پر تقسیم ہونے سے روکنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکمراں جماعت بھارت کو مذہب، رنگ ونسل کی بنیاد پر تقسیم کر رہی ہے، کانگریس ہی بھارت کو منقسم ہونے سے روک کر متحد کرسکتی ہے۔