ایشیا کپ کے فائنل میں قومی ٹیم کی سری لنکا کے ہاتھوں شکست پر پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری میں لفظی جنگ شروع ہو گئی۔
فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں پاکستان کی شکست کی وجہ حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ’ایشیا کپ کے فائنل میں ٹیم کا قصور نہیں حکومت ہی۔۔۔۔‘
پی ٹی آئی رہنما کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے فواد کے نامکمل ٹوئٹ کو مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا قصور نہیں، فتنے ہی عذاب ہیں، جنہیں ملک ہارتا اچھا لگتا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’یہ لوگ پاکستان کے ہارنے کی دعائیں مانگتے ہیں، یہاں سری لنکا جیسی ٹیم بننے کی دعا کرتے، بڑا شوق ہے نا ملک کو سری لنکا بنانے کا‘
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں سری لنکا پاکستان کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ایشین چیمپئن بن گیا ہے۔
سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی 147 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی،محمد رضوان اور افتخار احمد کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔