نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات میں اہم فیصلے کرلیے گئے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار منگل کو وفاقی وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل حکومت کی معاشی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔
لندن میں وزیراعظم شہباز شریف اور میاں نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات دو گھنٹے سے زیادہ جاری رہی، جس میں اسحاق ڈار اور حسن نواز بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں عمران خان کے لانگ مارچ، پنجاب حکومت کے خاتمے کے لیے اقدامات اور انتخابات آئںدہ سال کروانے پر بھی غور کیا گیا۔
بعد ازاں رہنما مسلم لیگ (ن) اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کل پھر میٹنگ ہو گی، آج فیملی میٹنگ تھی، میری بدھ کی پاکستان واپسی کی بکنگ ہے، لیکن حتمی فیصلہ کل ہو گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ جانا ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ کل ہوگا۔