• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تالیف: سیّد اطہر عباس جعفری

صفحات: 192، ہدیہ: سورئہ فاتحہ

ناشر: باب العلم دارالتحقیق، کراچی۔

زیر نظر کتاب حضرتِ آدمؑ و حواؑ کی فضیلت اُن کی وجۂ تسمیہ اور خلقت کے تذکرے پر مشتمل ہے۔ کتاب کا ایک گوشہ اُن نظموں سے عبارت ہے، جو مدحِ اہلِ بیت میںکہی گئی ہیں۔ حضرت آد مؑ صفی اللہ سے متعلق یہ کتاب سات ابواب پر مشتمل ہے۔ باب اوّل میں حضرت آدمؑ و حواؑ کی فضیلت، اُن کی وجۂ تسمیہ، خلقت کی ابتدا اور اُن کے بعض حالات کا بیان ہے۔ بابِ دوم، جناب مقدّس ایزدی کےا ملائکہ کو خلقتِ آدمؑ سے آگاہ کرنے، اُن کے لیے سجدے کے حکم، ابلیس لعین کے انکار اورسجدۂ آدمؑ سے متعلق قرآنی آیات،جب کہ سوم ، آدمؑ و حواؑ کے ترکِ اولیٰ کے بیان اور اُن کے زمین پر آنے پر مشتمل ہے۔ 

باب چہارم میں حضرت آدمؑ و حواؑ کے زمین پر آنے، اُن کی کیفیت اور اُن کی توبہ کا تذکرہ کیا گیاہے، تو باب پنجم میں حضرت آدمؑ کی اولاد کے حالات، اُن کی نسل جاری ہونے کی کیفیت اور ذکرِ شہادتِ ہابیل کا ذکر ہے۔ باب ششم میں اُن وحیوں کا تذکرہ ہے، جو حضرت آدمؑ پر نازل ہوئیں۔ باب ہفتم میں حضرت آدمؑ کی وفات، اُن کی عُمرِ مبارک اور وصیّت وغیرہ دی گئی ہے۔

اِن عنوانات سے بھی کتاب کی اہمیت و افادیت کا اندازہ لگایا جا سکتاہے۔ کتاب کی تقریظ، مولانا سیّد شہنشاہ حسین نقوی نے لکھی ہے۔ اِس کتاب میں سیّد اطہر عباس جعفری کی ایک نعت اور 20مناقب شامل ہیں۔ مذہبی نقطۂ نظر سے یہ ایک تاریخی کتاب ہے، جوطلبہ کے لیے بھی مفید ثابت ہوگی۔