وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ سفارتی سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاﺅس کے ریکارڈ سے غائب ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں آڈیو لیکس کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلاس میں حکومت نے عمران خان، اعظم خان و دیگر سابق وزرا کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا، حکومتی وزرا اور اتحادی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل خصوصی کمیٹی کارروائی کا تعین کرے گی۔
وفاقی کابینہ نے سائفر چوری کو آئینی حلف، قوانین، اور ’آفیشل سیکرٹ ایکٹ‘ کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ کابینہ کو بتایا گیا ریکارڈ کے مطابق سائفر سابق وزیراعظم عمران خان کو وصول کروایا گیا، لیکن پھر فراڈ، جعلسازی کرنے کے بعد سائفر چوری کر لیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پیش آئے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا رویہ خواتین کے بارے میں ہمیشہ متعصبانہ، جانبدارانہ اور توہین آمیز رہا ہے۔