وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ جس دن عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ ہوا، وہ پشاور بھاگ گیا۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری لینے کے بعد ہی عمران خان پشاور سے واپس ہوا۔
پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے کہا کہ حکومت سے شکوہ ہے کہ قانون کے ہاتھ عمران خان کے گریبان تک کیوں نہیں پہنچتے؟
جس کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کمیٹی کی تحقیقات کے بعد عمران خان اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ مسلم لیگ ن کی حکومت نہیں بلکہ اتحاد کی حکومت ہے، میری تجویز تھی 25 مئی کے بعد مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کیا جائے۔
رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ امید ہے پارلیمنٹ اس کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرے گی۔