• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی بھول ہے وہ ملک میں تنہا سیاسی قوت ہیں، احسن اقبال

کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی بھول ہے کہ وہ ملک میں تنہا سیاسی قوت ہیں، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہتک آمیز رویہ دیکھ کر میں بھی کہتا ہوں عمران خان سے بات نہیں کرنی چاہئے۔حکومت مذاکرات کرے گی لیکن بلیک میل نہیں ہوگی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں نمائندہ جیو نیوز احمد سبحان نے بھی حصہ لیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کا ماضی کا ریکارڈ قابل اعتماد نہیں ہے، دارالحکومت میں تمام اہم ادارے ہیں حکومت یہاں کوئی رسک نہیں لے سکتی، جتھوں اور لشکر کشی کے ذریعہ دارالحکومت پر قبضہ کرنے کی بات فتنہ پروری ہے، عمران خان کی بھول ہے کہ وہ ملک میں تنہا سیاسی قوت ہیں، 2018ء کے انتخابات میں موجودہ حکومتی اتحاد نے 70فیصد ووٹ حاصل کئے تھے، حکومتی اتحاد چاروں صوبوں سے تسلیم شدہ جمہوری قوتوں کی علامت ہے، عمران خان اسلام آباد پر چڑھائی کیلئے یہ نہ سمجھیں ون وے ٹکٹ کٹوا کر آرہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کی فتنہ پروری پر ہمارے کارکنوں کا اشتعال بڑھ رہا ہے، ہمارے کارکن دارالحکومت اور پارلیمنٹ کا دفاع کرنا چاہتے ہیں، کارکن مشتعل ہوگئے تو ہمارے لئے بھی مشکلات بن جائیں گی، عمران خان میں دانش کا کوئی قطرہ ہے تو ایسی حرکت نہیں کریں گے، عمران خان اسلام آباد آئیں تو انہیں اپنے سرپرائز سے بڑا سرپرائز ملے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ایک تہائی پاکستان ڈوبا ہوا ہے متاثرین کا ہاتھ تھامنے کی ضروت ہے، اگلے چھ مہینے تک اپنی انا کی سیاست کرنے والا انتہائی سنگدل ہوگا، ہم صبح سے شام تک سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے سوچ رہے ہیں، عمران خان کے سینے میں پتھر کا دل ہے انہیں قوم پر رحم نہیں آرہا، حکومت میں آئے تو پاکستان ڈیفالٹ کے قریب تھا، ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال لیا ہے، معاشی استحکام کی وجہ سے روپیہ بھی مستحکم ہورہا ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں میں حکومت کا قصور نہیں ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب آئے جس سے پاکستان کو 40ارب ڈالر کا جھٹکا لگا ہے، پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر جو پذیرائی ملی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، دنیا کے بڑے ممالک نے پاکستا ن کیلئے ڈونرز کانفرنس کرنے کی پیشکش کی ہے، یو این نے اپنی 160ملین ڈالر کی اپیل کو 800ملین ڈالر سے بڑھا دیا ہے، دنیا کے ادارے انسانی ہمدردی کے تحت پاکستان کی مدد کررہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان پر جلد بازی میں کچا ہاتھ نہیں ڈالیں گے، عمران خان خیرات کے نام پر پیسہ اکٹھا کرکے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرتے رہے۔

اہم خبریں سے مزید