اسلام آباد (جنگ رپورٹر)قومی احتساب بیورو (نیب )نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف25سال پرانے ریفرنسز میں احتساب عدالتوں سے بریت کے فیصلوں کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی اپیلیں واپس لینے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئی متفرق درخواستیں دائر کر دی ہیں۔بدھ کے روز دائر کی گئی درخواستوں میں نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان اپیلوں کی مزید پراسیکیوشن ایک لاحاصل مشق ہو گی۔ آصف زرداری کے خلاف دستاویزات کی فوٹو کاپیاں بھی مشکل سے ریکارڈ پر ہیں، دستیاب دستاویزی شواہد قانون شہادت کے مطابق نہیں ہیں ،اس لئے یہ اپیلیں واپس لینے کی اجازت دی جائے ۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نے آصف زرداری کو ارسس ٹریکٹر اور ایس ایس جی کوٹیکنا کیس میں بری کرنے کا فیصلہ جاری کیا تھا ،جس کے خلاف نیب نے 2015 میں اسلام آباد ہائی میں یہ اپیلیں دائر کی تھیں۔