وفاقی وزیر شازیہ مری کا کہنا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کی کرسی چھِن جانے پر ملک سے بدلہ لے رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اداروں اور عدالت کے فیصلوں پر ملک میں تباہی کرنے کا ردعمل نہیں ہونا چاہیے، جو فیصلہ عمران خان کے حق میں نہ آئے اس کو بدکردار کہہ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا پہیہ جام کرنے کی بدمعاشی تحریک انصاف کو نہیں کرنی چاہیے، اگر فیصلے پر غصہ ہے تو پی ٹی آئی قانونی چارہ جوئی کرے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہر بات ملک کے خلاف ہوتی ہے، وہ جس ووٹ سے وزیراعظم بنے اسی ووٹ سے ہٹایا گیا۔
شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کو چور اور ڈاکو کہہ کر پکارا اور صرف پگڑیاں اچھالی ہیں، صادق اور امین کے دعوے کرنے والے فارن فنڈنگ کو چھپا رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر سنگین الزامات ہیں، فارن فنڈنگ کا کیس سنگین ہے، عمران خان کی قانونی ٹیم بوکھلاہٹ کا شکار تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے صدر مملکت کی سیاست بھی جلاؤ گھیراؤ اور پہیہ جام کی ہوتی تھی، انتشار اور بدمعاشی کی سیاست نہ ماضی میں کامیاب ہوئی نہ اب ہوگی۔