• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کو ہماری ضرورت ہے، شی جن پنگ، تیسری بار چین کے صدر منتخب، پیوٹن، شہباز سمیت عالمی رہنماؤں کی مبارکباد

بیجنگ (اے ایف پی، جنگ نیوز) چین میں صدر شی جن پنگ تیسری بار ملک کے صدر منتخب ہوگئے

 حکمران کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے مزید 5 سال تک شی جن پنگ کو پارٹی کا سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا .

وزیراعظم شہباز شریف ، صدر عارف علوی ، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن ، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور دیگر عالمی رہنماؤں نے چینی صدر کو تیسری بار پارٹی کا سربراہ بننے پر مبادکباد پیش کی ہے.

بیجنگ کے گریٹ ہال آف پیپل میں بند کمرے میں ہونے والی ووٹنگ کے اعلان کے بعد شی جن پنگ نے کہا کہ دنیا کو چین کی ضرورت ہے ، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پارٹی نے جو پرخلوص اعتماد ہم پر کیا ہے میں اس کے لئے پوری پارٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں.

انہوں نے وعدہ کیا کہ ہماری جماعت اور لوگوں کے عظیم اعتماد پر پورا اترنے کرنے کے لئےپوری دلجمعی کے ساتھ فرائض انجام دیں گےان کا کہنا تھا کہ اصلاحات اور نا ممکن کو ممکن بنانے کیلئے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ان کی انتھک کوششوں سے ہم نے دو معجزے کئے، ان میں تیزی سے اقتصادی ترقی اور طویل المدتی معاشرتی استحکام شامل ہیں ۔

شی جن پنگ کو چین کی مرکزی فوجی کمیشن کا دوبارہ سربراہ بھی منتخب کیا گیا ہے جس کے بعد وہ چینی مسلح افواج کے سربراہ بھی برقرار رہیں گے۔

مارچ میں حکومت کے سالانہ قانون ساز اجلاس کے دوران باضابطہ طور پر اعلان ہونے کے بعد 69 سالہ شی جن پنگ کی چین کے صدر کے طور پر تیسری مدت یقینی ہے۔

دوسری جانب شی جن پنگ نے ماؤزے تنگ کے بعد چین کے مضبوط ترین رہنما کی حیثیت سے اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے ۔

چینی صدر کے عہدے پر منتخب ہوتے ہی اپنی اعلیٰ سطحی کابینہ کا اعلان بھی کردیا ہے جس کے ارکان اب چین کے نئے حکمران ہوں گے۔ان میں شنگھائی سے پارٹی کے سابق سربراہ لی قیانگ بھی شامل ہیں جو اب چین کے نئے وزیر اعظم ہوں گے۔ صدر شی جن پنگ کے قریبی ساتھی لی کیانگ کو ترقی دے کر ملک میں دوسرا طاقتور رہنما مقرر کر دیا گیا۔

اس طرح وہ موجودہ وزیراعظم لی کی چیانگ کی جگہ لے لیں گے ۔ روسی صدر پیوٹن نے اپنے بیان میں چینی صدر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں چینی صدر کیساتھ تعمیری مذاکرات اور مشترکہ اسٹریٹجک تعاون جاری رکھنے پر خوشی ہوگی ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’چین کے عوام کی خدمت کے لئے ان (چینی صدر) کی دانشمندانہ ذمہ داری اور غیر متزلزل لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں‘۔

صدر مملکت عارف علوی نے بھی اپنی ٹوئٹ میں صدر شی جن پنگ کے مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’وہ پاکستان کے حقیقی دوست ہیں اور پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات کے چیمپئن ہیں‘۔

اہم خبریں سے مزید