اسلام آباد( مہتاب حیدر)پاکستان اور چین نے غربت کے خاتمے اور چینی گرانٹس، بلاسود قرضوں اور رعایتی قرضوں کے ذریعے مخصوص ترقیاتی تعاون کے منصوبوں کی تلاش کے لئے عالمی ترقیاتی اقدامات (جی ڈی آئی) سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
توقع ہے کہ اس مفاہمتی عرضداشت پر 2 نومبر 2022 کو وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔
ایم او یو کی تفصیلات کے مطابق چائنا انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوآپریشن ایجنسی اور پاکستان کے اکنامک افیئرز ڈویژن نےگلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (جی ڈی آئی) پر عمل درآمد کو فروغ دینے پر اتفاق کیا،ترقی پذیر ممالک کو 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔
صدر شی جن پنگ کی جانب سے تجویز کردہ جی ڈی آئی عالمی ترقیاتی شراکت داری کو مؤثر طریقے سے فروغ دے گا اور 2030 ایجنڈے پر عمل درآمد کو تیز کرنے کے لیے مضبوط تحریک ثابت ہوگا۔
دونوں فریق جی ڈی آئی کے فریم ورک کے تحت تعاون کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔