سینیئر صحافی ارشد شریف سے متعلق تھریٹ الرٹ کس نے جاری کیا، معاون اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے بتا دیا۔
معاون اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ ارشد شریف سے متعلق تھریٹ الرٹ سی ٹی ڈی نے جاری کیا، وزیراعلیٰ کا تھریٹ الرٹس جاری کروانے میں کوئی کردار نہیں ہوتا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ارشد شریف کے بیانات کے مطابق انہیں اور خاندان کو دھمکیاں مل رہی تھیں، سی ٹی ڈی کے تھریٹ الرٹ میں بھی یہی بات تھی۔
معاون اطلاعات نے کہا کہ تھریٹ الرٹ غلط ہوتا تو ارشد شریف کینیا میں قتل نہیں ہوتے، پشاور سمیت تمام ایئرپورٹس وفاق کے زیر انتظام ہیں، ایئر پورٹس پر ایف آئی اے، اے این ایف اور اے ایس ایف وفاقی ادارے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ اہم شخصیات، سینیئر صحافیوں کو رابطہ کرنے پر پروٹوکول دیا جاتا ہے، اسی طرح ارشد شریف کو بھی پروٹوکول دیا گیا۔
معاون اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ارشد شریف کی عین تدفین کے وقت پریس کانفرنسز کیں، یہ پریس کانفرنسز کالے کرتوت چھپانے کیلئے کی گئیں۔