• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کو چاہیے آج پنجاب حکومت کو ختم کر دیں: رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ آج پنجاب حکومت کو ختم کر دیں، اینٹی کرپشن نے عمران خان کے کہنے پر میری گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ، آج اینٹی کرپشن نے خود ہی وارنٹِ گرفتاری واپس لے لیا، عدالتِ عالیہ کا مشکور ہوں انہوں نے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا۔

وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے راولپنڈی ہائی کورٹ بار کے عہدے داران سے گفتگو کے دوران کہا کہ عوام کو جھوٹ اور فراڈ کا بیانیہ گھول کے پلایا جا رہا تھا، کل پی ٹی آئی کا جھوٹ اور فراڈ عوام کو پتہ چلا، اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات واضح ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی جتھے کو اسلام آباد پر چڑھائی کا موقع نہیں دیں گے، جتھہ کلچر فروغ پائے گا تو پھر کہاں کی جمہوریت اور کہاں کی ریاست، عدالت کے متعین کردہ مقام پر مکمل سیکیورٹی کے ساتھ احتجاج کا موقع دیں گے، بری نیت سے آنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ارشد شریف سے متعلق سارے معاملات انکوائری کمیشن کے سپرد کر دیے ہیں، کمیشن کی رپورٹ وزارتِ داخلہ کے پاس جمع ہو گی، بہت ساری چیزیں سامنے آ گئی ہیں لیکن ابھی نہیں بتا سکتا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ یقینی بنایا ہے کہ ہر بار میں پاسپورٹ آفس ہو، 8 پاسپورٹ دفاتر ملک کے مختلف مقامات پر بن رہے ہیں، 179 پاسپورٹ دفاتر ملک بھر میں کام کر رہے ہیں، ملک کے 3 شہروں میں 48 گھنٹوں میں پاسپورٹ کا اجراء جاری ہے، مزید 14 شہروں میں بھی فاسٹ ٹریک پاسپورٹ لا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرمی آفیسرز سمیت کسی بھی محکمے جن پر تنقید اور الزامات ہوں وہ اپنا مؤقف پیش کر سکتے ہیں، فوجی افسران کی فیملیز بھی ہیں، ان کی بھی عزت اور احترام ہے، جب بھی ضرورت پڑے فوجی افسران کو ایسی آگاہی عوام کو دینی چاہیے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات واضح ہیں، پُرامن احتجاج کے لیے حکومت اپنی ذمے داریاں پوری کرے گی، پنجاب میں گورنر راج کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، نہ کوئی سمری بھجوائی گئی۔

قومی خبریں سے مزید