وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ حکومت کو عمران خان سے تصادم کا شوق نہیں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان سے تصادم اسی صورت ہوگا اگر یہ اسلام آباد پر چڑھائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر وقت مخالفین کو چور کہتے اور لوز ٹاک کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مخالفین کے ساتھ بیٹھنے سے مرجانا بہتر ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ ہم نے بھی اپنے ورکرز کو کہہ دیا کہ جہاں بھی عمران خان نظر آئے گھڑی چور کے نعرے لگائیں، یہ چور چور کہنا بند کردے تو ہم بھی بند کردیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے کا احترام نہیں کریں گے تو جمہوریت نہیں چل سکے گی، عمران خان عجیب و غریب اور نفرت کی سیاست کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ اہم تعیناتی میں نہ جلدی کرنی چاہیے اور نہ تاخیر کی جائے، عمران خان اسٹیبلشمنٹ کو چیلنج کررہا ہے، اس کے اور ہمارے چیلنج میں فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کہتے تھے آئینی دائرے میں رہیں اور سیاست میں دخل نہ دیں، یہ کہتا ہے آئینی دائرے میں نہ رہیں، سیاست میں دخل اندازی کریں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جو ہم کہیں گے اور جو یہ کہیں گے وہ نہیں مانا جائے گا تو ہم سب کو درمیانہ راستہ نکالنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ قیمتیں بڑھ رہی ہیں، ہم قیمتوں کو کنٹرول نہیں کر پارہے، میں کابینہ میٹنگ میں کہتا ہوں کہ مہنگائی کی رفتار بڑھ رہی ہے، لوگ ہم سے ناراض ہیں، اس کا فائدہ ان کو ہورہا ہے۔