خیبرپختونخوا کے وزیر ہائر ایجوکیشن کامران بنگش نے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں لائسنس یافتہ اسلحہ لے جانے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا ہے۔
پشاور میں جیو نیوز سے گفتگو میں کامران بنگش نے کہا کہ لانگ مارچ میں اپنے تحفظ کے لیے لائسنس یافتہ اسلحہ ضرور رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی ہوں یا صوبائی اسمبلی اور وزرا کے تحفظ کےلیے اسلحہ لائسنس فراہم کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارے ایک وزیر سمیت بہت سارے لوگوں کو بھی تھریٹس ملے ہیں، ہمارے ایک ایم پی اے کو دن دہاڑے قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم پی اے کے بھائی اور خاندان والوں کو شہید کیا گیا، وہ لوگ جن کو خطرہ ہے وہ اپنے ساتھ لائسنس یافتہ اسلحہ لےکر جائیں گے۔
کامران بنگش نے یہ بھی کہا کہ ہم اپنے پاس کم سیکیورٹی رکھتے ہیں، خان صاحب کی سیکیورٹی بھی کوئی نہیں ہوتی۔