آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی الوداعی ملاقاتیں شروع، ایکسٹینشن کی افواہیں دم توڑ گئیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ اور منگلا گیریژن کا الوداعی دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور مختلف آپریشنز میں قدرتی آفات کے دوران بہترین کارکردگی پر فارمیشنز کو سراہا۔
اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوجی جوان ہر طرح کے حالات میں اسی جذبے اور عزم کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔
منگلا گیریژن میں آرمی چیف کا استقبال لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر اور لیفٹیننٹ جنرل ایمن بلال صفدر نے کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ آرمی چیف اپنی مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو جائیں گے اور کوئی ایکسٹینشن نہیں لیں گے، لیکن سوشل میڈیا پر مسلسل یہ خبریں چل رہی تھیں کہ آرمی چیف ایکسٹینشن لے سکتے ہیں۔
آج آئی ایس پی آر نے آرمی چیف کی الوداعی ملاقاتوں کی خبر جاری کی ہے، جس سے ایکسٹینشن سے متعلق تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔