• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اسمبلیاں تحلیل کریں صوبوں میں الیکشن ہوجائینگے، شاہد خاقان

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقا ن عباسی نے کہاہے کہ عمران خان بالکل اسمبلیاں تحلیل کریں دونوں صوبوں میں الیکشن ہوجائیں گے،پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی اور ہونی چاہئے کہ سسٹم ڈی ریل نہ ہونے دیں، پوری کوشش ہوگی کہ عمران خان کو اسمبلیوں پر حملہ نہ کرنے دیں، مرکز اور صوبوں میں الیکشن مختلف اوقات میں ہونا پارلیمانی جمہوریت میں عام ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دینے کا مقصد حکومت کو انتخابات کی تاریخ دینے یا مذاکرات کا فیصلہ کرنے کیلئے مہلت دینا ہوسکتا ہے، عمران خان سمجھ رہے تھے وہ حکومت کی ناک رگڑ سکتے ہیں لیکن وہ ناکام رہے،صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران تحریک عدم اعتماد یا وزیراعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے کہنے کی کوئی ممانعت نہیں ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد 90روز میں انتخابات کروانا ہوں گے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقا ن عباسی نے کہا کہ عمران خان بالکل اسمبلیاں تحلیل کریں دونوں صوبوں میں الیکشن ہوجائیں گے،پنجاب میں ن لیگ کے پاس اکثریت کیلئے بہت کم فرق ہے اسے پورا کیا جاسکتا ہے، پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کا آپشن پہلے بھی تھا آج بھی ہے، کورٹ کے عجیب نوعیت کے آرڈر سے پرویز الٰہی کی حکومت آئی تھی، پی ٹی آئی دونوں صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرے90دن میں انتخابات ہوجائیں گے، انہیں دو صوبوں میں جلدی الیکشن کروانے کا شوق ہے تو اپنا شوق پورا کرلیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صاف و شفاف الیکشن ہوئے تو ہم جیت جائیں گے، پی ٹی آئی کا منصوبہ ہے پنجاب اور کے پی میں نئی حکومتیں بنا کر عام انتخابات میں دھاندلی کرے گی۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان دباؤ ڈال کر وفاقی حکومت ختم نہیں کرسکتے، مسلم لیگ ن کسی دباؤ میں نہیں آئے گی وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ضمنی انتخابات اور عام انتخابات کا الگ الگ ماحول ہوتا ہے، عمران خان کی جو باتیں سامنے آئی ہیں اس کے بعد میرا نہیں خیال کہ تحریک انصاف کو ووٹ ملے گا، پی ٹی آئی لاکھوں کے مجمع کا دعویٰ کر کے بیس پچیس ہزار لوگ اکٹھے نہیں کرسکی، ان کی غلط فہمی ہے وفاقی حکومت ستائیس کلومیٹر کی نہیں پورے پاکستان کی ہوتی ہے، وفاق اور صوبوں میں الگ الگ حکومتیں بھی ہوتی ہیں ضروری نہیں ہر صوبے میں ان کی حکومت ہو۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف علاج کروارہے ہیں وہ اپنے وقت پر واپس آجائیں گے، نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا گیا سیاست سے باہر کیا گیا مگر وہ آج بھی سیاست کے محور ہیں، نواز شریف کی مقبولیت قائم ہے ن لیگ الیکشن میں فتح حاصل کرے گی۔
اہم خبریں سے مزید