کراچی کے علاقے ٹیپو سلطان میں پولیس نے دو سالہ بچی کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی، واردات میں ملوث گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کراچی ایڈمن سوسائٹی بلاک 7 سے دو سالہ بچی رامین سعد پُراسرار طور پر لاپتہ ہوئی۔
بچی کے والد سعد فیصل نے گمشدگی کی اطلاع فوری طور پر تھانہ ٹیپو سلطان کو دی، ایس ایچ او عظمیٰ خان پولیس پارٹی کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔
ایس ایچ او عظمیٰ خان کے مطابق پولیس نے گھر کے سامنے لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد لی۔
انسپکٹر عظمیٰ خان نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں کمسن بچی کو خاتون کی انگلی پکڑ کر جاتے دیکھا گیا۔
فوٹیج کی مدد سے بچی کے اغواء اور واردات میں ملوث خاتون کا سراغ ملا، پولیس پارٹی نے فوری کارروائی کر کے ملزمہ شائستہ زوجہ شہباز کو حراست میں لے کر بچی کو بازیاب کروا لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمہ شائستہ جائے وقوعہ کے قریب کے گھر کی ملازمہ نکلی، بچی کے والد سعد فیصل نے اغواکار خاتون کو معاف کر کے ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی سے انکار کردیا۔
پولیس کے مطابق بچی کو والدین کے حوالے کردیا گیا، تاہم مزید کارروائی کے لیے ملزمہ زیر حراست ہے۔