پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف شخصیات، اداکار ہارون شاہد اور اداکار، ہدایتکار و پروڈیوسر یاسر نواز نے وزن کم کرنے سے متعلق چند مفید ٹپس مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
گزشتہ ہفتے دونوں فنکاروں نے ایک نجی ٹی وی شو کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس دوران دونوں فنکاروں کا کہنا تھا کہ اسکرین پر ہمیشہ وزن زیادہ دکھائی دیتا ہے جبکہ اصل فنکاروں کا اتنا وزن ہوتا نہیں ہے، پھر بھی فنکار ٹی وی پر اچھا دکھنے کے لیے وزن میں مزید کمی کی کوشش میں رہتے ہیں۔
ہارون شاہد نے شو کے دوران کہا کہ اُن کے ساتھ یہ مسئلہ ہے کہ وہ ٹی وی پر بہت موٹے نظر آتے ہیں مگر جب اُن کے فین اُن سے ملتے ہیں تو وہ بھی یہی کہتے ہیں کہ آپ کافی اسمارٹ ہیں اور ٹی وی پر فربہ نظر آتے ہیں اسی لیے وہ اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری نظر میں وزن کم کرنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ تھوڑا کھائیں اور ایک وقت میں پیٹ مکمل طور پر نہ بھرا جائے۔
دوسری جانب یاسر نواز کا شو کے دوران کہنا تھا کہ وہ زمانہ طالبِ علمی میں بہت پتلے دبلے ہوا کرتے تھے، ان کے والد اِنہیں پینٹ شرٹ نہیں پہننے دیتے تھے کی وہ اس میں مزید دبلے نظر آئیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا کہ وہ وزن میں اضافے کے لیے ملائی، دودھ جلیبی اور انڈے وغیرہ کھایا کرتے تھے لیکن ان کے وزن میں اصل اضافہ ورزش کرنے سے ہوا۔
یاسر نواز کا کہنا تھا کہ ورزش کرنے سے ان کا جسم حرکت میں آیا اور بھوک میں بھی اضافہ ہوا جس کے بعد ان کا وزن بڑھنا شروع ہو گیا۔
یاسر نواز کا مزید کہنا تھا کہ کیوں کہ اب وہ اداکاری چھوڑ کر ہدایتکاری میں آ گئے ہیں تو انہوں نے ورزش چھوڑ دی ہے لیکن وہ ایک بار پھر سے ورزش کر کے خود کو فٹ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کیوں کہ اب اُنہیں ٹی وی پر واپس آنا ہے۔