• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیف الرحمٰن نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کا چارج سنبھال لیا

ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایڈمنسٹریٹر کا چارج سنبھال لیا۔

ترجمان کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمٰن کا کے ایم سی بلڈنگ پہنچنے پر افسران نے استقبال کیا۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی کے زیرِ انتظام سڑکوں کی بحالی پہلی ترجیح ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پارکس اور گرین بیلٹس کو درست کیا جائے گا، فٹ پاتھوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔

کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر سیف الرحمٰن نے سابق ایڈمنسٹریٹر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مرتضیٰ وہاب نے شہر کی بہترین خدمت کی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا فیصلہ گزشتہ روز ہوا

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے لیے گریڈ 20 کے افسر ڈاکٹر سیف الرحمٰن کا نام فائنل کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سیف الرحمٰن کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس سے ہے، وہ اس سے قبل گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے پرنسپل سیکریٹری تھے۔

ڈاکٹر سیف الرحمٰن بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میٹرو پولیٹن کمشنر رہ چکے ہیں، وہ ضلع وسطی اور شرقی کے ڈپٹی کمشنر سمیت بلدیہ وسطی کے ایڈمنسٹریٹر بھی رہ چکے ہیں۔

ڈاکٹر سیف کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل اور بلوچستان میں کمشنر ژوب بھی تعینات رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید