• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کی عدالت اور نیشنل کرائم ایجنسی کو بھی دھوکہ دیا گیا، ن لیگ


مسلم لیگ ن نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی جانب سے شہباز شریف سے معافی مانگنے پر نوازشریف اور شہبازشریف کو مبارکباد دی اور کہا کہ برطانیہ کی عدالت اور نیشنل کرائم ایجنسی کو بھی دھوکہ دیا گیا۔

لاہور میں مسلم لیگ ن کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں رانا ثناء اللّٰہ کو منشیات اسمگلنگ کیس میں بریت پر بھی مبارک باد پیش کی گئی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور اور درپیش مسائل پر تفصیلی مشاورت کی گئی، جبکہ  ملک میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سردیوں کی آمد سے سیلاب متاثرین کو درپیش مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 اعلامیے کے مطابق مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی سرگرمیوں سے متعلق بھی حکومتی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے قرار دیا کہ چار سال میں لائی معاشی تباہی چھ ماہ میں ختم نہیں ہو سکتی، معاشی اشاریوں کی بہتری تک درست سمت کے تعین سے توقع ہے عوام کو ریلیف مل سکے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے اعلامیے میں کہا گیا کہ برطانوی اخبار کی معافی شہباز شریف کی بے گناہی کا ثبوت ہے، لندن ہائیکورٹ میں باضابطہ کارروائی کا سامنا کرکے شہباز شریف نے جرات مند روایت قائم کی ہے، ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرکے شہباز شریف نے ثابت کیا اُن کا دامن صاف ہے۔

اعلامیے کے مطابق واضح ہوگیا ’عمران خان اینڈ کمپنی‘ نے جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، برطانیہ کی عدالت اور نیشنل کرائم ایجنسی کو بھی دھوکہ دیا گیا، یہ پاکستان کی عالمی ساکھ تباہ کرنے، پورے پاکستان کو چور دکھانے کی ساش تھی۔

 اعلامیے کے مطابق یہ صحت و تعلیم، ترقیاتی منصوبوں اور زلزلہ متاثرین کے لئے عالمی امداد رکوانے کی گھناؤنی سازش تھی۔

قومی خبریں سے مزید