• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلی میل کی خبر میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور جھوٹے تھے، بیرسٹر وحید الرحمان

بیرسٹر وحید الرحمان۔
بیرسٹر وحید الرحمان۔

بیرسٹر وحید الرحمان کا کہنا ہے کہ ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ کا فیصلہ توقعات کے مطابق آیا، ڈیلی میل کی خبر میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور جھوٹے تھے۔

پی ٹی آئی برطانیہ کے سینئر رہنما اور ڈیلی میل کے خلاف عمران علی یوسف کا کیس لڑنے والے بیرسٹر وحید الرحمان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عمران علی یوسف جھوٹی خبر چھاپنے والے اخبار سے اسی معافی کی توقع رکھتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور عمران علی یوسف کا کرپشن سے کوئی تعلق نہیں تھا، میں ’کسی کی خاطر‘ کسی کو جھوٹا اور کرپٹ نہیں کہہ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس اطمینان کے بعد کہ الزامات بوگس ہیں عمران علی یوسف کی نمائندگی پر آمادہ ہوا، ڈیوڈ روز کا یہ الزام مکمل جھوٹا تھا کہ اکرام نوید، عمران علی یوسف کا فرنٹ مین تھا۔

بیرسٹر وحید الرحمان نمائندہ جیو نیوز مرتضی علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے۔
بیرسٹر وحید الرحمان نمائندہ جیو نیوز مرتضی علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے۔

بیرسٹر وحید الرحمان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایرا کا سینئر ایگزیکٹیو اکرام نوید کرپشن میں ملوث تھا، عمران علی یوسف کا اکرام نوید سے صرف کاروباری لین دین تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے عمران علی یوسف کی جائیداد واپس نہیں کی تاکہ دکھا سکے کہ وہ کرپشن میں ملوث ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اخبار اور ڈیوڈ روز عمران علی یوسف کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہ کرسکے۔

بیرسٹر وحیدالرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سینئر رہنما ہونے کے سبب اس کیس کی نمائندگی کرنے کے خطرات سے آگاہ تھا، شہباز شریف کے کیس کی نمائندگی نہیں کی اس لئے ان کے کیس پر تبصرہ نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ذاتی طور پر اس کیس کے بارے میں آگاہ کر دیا تھا، انہیں کوئی مسئلہ نہیں تھا، کیس جیتنے پر پارٹی قیادت کو ’مفادات کا ٹکراؤ‘ اور ’بیانیہ کو نقصان‘ پہنچتا نظر آگیا۔

انہوں نے کہا کہ کیس مضبوط ہونے کے سبب عدالت سے باہر تصفیہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، ڈیلی میل نے مقدمہ ہونے پر پہلے سال ہی معافی مانگنے کی پیشکش کر دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے ساتھ معافی کی چوتھی پیشکش قبول کرتے ہوئے اخبار سے تصفیہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیس ختم ہونے پر پی ٹی آئی قیادت کو خود عہدے سے مستعفی ہونے کی پیشکش کر دی تھی، کچھ عرصہ کیلئے سیاست سے وقفہ لے رہا ہوں، حمایت پارٹی کے ساتھ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے داماد کا کیس جیتنے پر بیرسٹر وحید کو پی ٹی آئی نے عہدے سے فارغ کر دیا تھا۔

پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے بیرسٹر وحید الرحمان کو آفس آف انٹرنیشنل چیپٹر کے ڈپٹی سیکریٹری کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کا خیال ہے کہ بیرسٹر وحید الرحمان نے عمران علی یوسف کی نمائندگی کر کے پارٹی بیانیہ کو نقصان پہنچایا۔

قومی خبریں سے مزید