کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے ایم سی کی کرکٹ، ہاکی اور فٹ بال کی ٹیمیں بحال کی جارہی ہیں تاکہ کھیلوں کے ذریعے کے ایم سی میں ملازمت کرنے والے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لایا جاسکے، اس بات کا فیصلہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے ایک اجلاس میں کیا جس میں متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ماضی میں کے ایم سی کی مختلف ٹیموں نے قومی سطح پر اعزازات حاصل کئے لیکن ایک طویل عرصے سے یہ ٹیمیں فعال نہیں جس کے باعث کےایم سی ملازمین کی یہ خواہش تھی کہ دوسرے سرکاری اداروں کی طرح کے ایم سی بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے، انہوں نے سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس حسنی کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ان ٹیموں میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے لئے ٹرائلز منعقد کریں ، انہوں نے کہا کہ جو نوجوان منتخب ہوں گے انہیں سابق عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز، فٹ بالرز اور ہاکی کے کھلاڑیوں سے تربیت دلوائی جائے گی، دریں اثناء سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سید سیف عباس نے فوری طور پر تینوں ٹیموں کی تشکیل کے لئے ٹرائلز کا اعلان کیا ہے۔