• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف قومی اسمبلی میں آکر کردار ادا کرے، راجہ پرویز اشرف

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو قومی اسمبلی آکر کردار ادا کرنے کی دعوت دے دی۔

پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں آکر کردار ادا کرے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تحریک انصاف کے استعفوں کی تصدیق کیلئے تمام ارکان کو خطوط لکھے تھے، قواعد یہ کہتے ہیں کہ آپ نے اپنے ہاتھ سے استعفیٰ لکھنا ہے، استعفے  کی تصدیق کیلئے اسپیکر کے سامنے پیش ہونا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہم اکٹھے آنا چاہتے ہیں، اکٹھے ہو کر آنا اسپیکر کے اطمینان کیلئے کافی نہیں ہے، اکٹھے ہوکر آنے سے ایک دوسرے پر پریشر ہوگا۔

 راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ٹی آئی استعفوں کی تصدیق کیلئے پھر ارکان کو خط لکھنےکا فیصلہ کیا ہے، استعفوں کی تصدیق کیلئے وقت دوں گا اور ہر رکن کو سننا بھی چاہوں گا، ارکان میرے پاس آئیں مجھے یہ تسلی دیں کہ وہ خود مرضی سے استعفیٰ دے رہے ہیں، ارکان مجھے مطمئن کریں کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میرے پاس تحریک انصاف کے کئی ارکان آئے تھے کہ استعفے منظور نہ کریں، استعفوں کی منظوری کیلئے ممبر کا اپنا فیصلہ ہونا ضروری ہے، سیکریٹریٹ کی جانب سے اس لیے خط بھی لکھا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید