• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل رات گورنر نے آئین ہی تبدیل کر دیا، حماد اظہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ان پر عمران خان کا خوف اتنا طاری ہے کہ آئین و قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، کل رات گورنر نے آئین ہی تبدیل کردیا۔

 لاہور میں شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ آٹھ ماہ میں معیشت بہتر ہونے کے بجائے نیچے گئی ہے، اپنے جمہوری اور آئینی حق کیلئے ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔

 حماد اظہر نے کہا کہ چیف سیکرٹری سے جو کچھ کروایا گیا اس پر بہت سے سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ پورے پاکستان میں اپنے کارکنوں کو کہا ہے کہ وہ تیار رہیں، کل کا واقعہ ایک ’’کو‘‘ تھا جو پنجاب میں منتخب حکومت پر کیا گیا، رات کو بلیغ الرحمان نامی شخص نے پورا آئین ہی تبدیل کردیا، کس کے کہنے پر یہ کیا ہے ہم یہ جاننا چاہتے ہیں۔

 پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چیف سیکریٹری نے پی ٹی آئی قیادت اور وزیر اعلیٰ کے سامنے کہا یہ نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، ان کے گھر کون گیا، ان کے دفتروں میں کون گیا، کس کے کہنے پر اور کس کے دباؤ میں اس شریف آدمی سے یہ نوٹیفکیشن کروایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کیا ملک ایسے چلنا ہے تین چار لوگ فیصلہ کرلیں گے کہ کس کی حکومت ہوگی۔

شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں ہر روز تماشا لگایا جاتا ہے جس کی ایک مثال گزشتہ رات کا واقعہ ہے، جو بھی کیا جا رہا ہے اس سے ملک کمزور ہو رہا ہے، جب تک قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی ملک ایک قدم آگے نہیں بڑھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی خیبر پختونخوا سے اسلام آباد تک پہنچ گئی ہے، سیاسی انتشار ختم کرنے کا واحد حل شفاف انتخابات ہیں، قانون کو گھر کی لونڈی بنایا گیا ہے۔

 شبلی فراز نے کہا کہ گورنر منتخب لوگوں کو برطرف کر رہا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا، نا اہل طریقے سے یہ حکومت کو چلا رہے ہیں، ان کو جوتے پڑنے چاہئیں، صدر عارف علوی وہ کریں گے جو آئین و قانون کہتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید