• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر کے اجلاس نہ بلانے پر قانون سازی کا کام نہيں روک سکتے، سینیٹر شیری رحمان

وفاقی وزير شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت کو سینیٹ کا ریکوزيشن اجلاس اس لیے بلانا پڑا کیوں کہ صدر نے اجلاس کا سمن پاس نہيں کیا، قانون سازی کا کام نہيں روکا جاسکتا۔

سینیٹ اجلاس کے بعد میڈيا سے گفتگو میں شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن خود بند گلی میں ہے، اپوزیشن اپنی بینچز پر بیٹھنے کو تیار نہیں، ان کی ضد ہے کہ وہ اقتدار میں ہوں اور ملک کو بادشاہوں کی طرح چلائيں، پارلیمان کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سینیٹر شیری رحمان کہا کہ صدر اجلاس کا سمن پاس نہیں کریں گے تو ہم قانون سازی کا بزنس نہیں روک سکتے۔ ہم چاہتے ہیں بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات پر اپوزیشن کے ساتھ مل کر بات کریں۔ 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ سیر حاصل گفتگو نہیں بس گھیراؤ جلاؤ اور سڑکوں پر آنے کی بات کرتے ہیں۔ اپوزیشن خود بند گلی میں ہے۔ 

شیری رحمان نے کہا کہ میں نے سابق چیئرمین سینیٹ کی 2016 کی رولنگ پڑھ کر سنائی۔ رولنگ کے مطابق ریکوزیشن اجلاس میں حکومتی بل پیش ہو سکتے ہیں۔ اپوزیشن اپنے بینچز پر بیٹھنے کو تیار نہیں۔ 

ان کی ضد ہے کہ یہ اقتدار میں ہو اور ملک بادشاہت کی طرح چلائے۔ ہم ان کو پارلیمان کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اجلاس قوائد و ضوابط کے مطابق ہوا اور کورم بھی مکمل تھا۔ اگر کورم پورا نا ہوتا تو پھر اجلاس بھی نہیں ہوتا۔

قومی خبریں سے مزید