• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کون ہے جو چاہتا ہے پاکستان میں انتخابات نہ ہوں، فرخ حبیب

فرخ حبیب—فائل فوٹو
فرخ حبیب—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کون ہے جو چاہتا ہے کہ پاکستان میں انتخابات نہ ہوں، ملک کو آئین و قانون کے مطابق نہیں چلائیں گے تو ملک آگے کیسے بڑھے گا۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ موجودہ حکومت 8 ماہ قبل رجیم چینج کے تحت اقتدار میں آئی اور اس حکومت نے ملک کو پیچھے دھکیلا ہے، ان کا ایجنڈا پاکستان کی بہتری نہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا لوٹ مار اور کرپشن کیسز کو معاف کرانا ہے۔

تحریکِ انصاف کے رہنما نے کہا کہ آصف زرداری کے کیس بند ہوئے اور شہباز شریف کا 16 ارب کا کیس بند ہو گیا جبکہ سلیمان شہباز مفرور و اشتہاری رہے، سرکاری پروٹوکول میں ملک آتے اور ضمانتیں لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 ماہ قبل صنعتیں ساڑھے 10 فیصد سے آگے بڑھ رہی تھیں، اب پاکستان کی ایکسپورٹ میں 18 فیصد کمی آ گئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ٹیکس کلیکشن ہدف سے بھی کم ہے اور معاشی سرگرمیاں ختم ہوگئیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 12 کروڑ کے صوبے کے وزیراعلیٰ سے متعلق غیر آئینی اقدام کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید