نارووال(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پنجاب حکومت کی عدلیہ کے فیصلے کے ذریعے بحالی اور موجود سیاسی کشیدگی کے حوالے سے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ عدلیہ ثاقب نثار جیسے فیصلے نہ دےتو میں یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ پاکستان 24گھنٹوں میں اپنی منزل پا سکتا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ بار بار نیوٹرل ہونے کا کہہ رہی ہے لیکن پی ٹی آئی بار بار ان کو مداخلت کرکے اقتدار میں آنے کا کہہ رہی ہے۔ تاریخ کے اندر پاکستان کے مسائل پر جب تجزیے لکھے جائیں گے تو ان کی بنیادیں عدالتی فیصلوں کی طرف جائیں گی جس کے نتیجہ میں مارشل لا کو جواز ملتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے اپنے ڈیرے پر مسلم لیگ ن کے دیرینہ ساتھی حاجی عبدالحمید مرحوم کے حوالے سے منعقد تعزیتی ریفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔تعزیتی ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے کارکن ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ،ضلعی صدر ن لیگ پیر سید اظہر الحسن گیلانی ،نواب محمد عامر کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب کے اندر جو افراتفری اور سیاسی بحران موجود ہے افسوس سے کہتا ہوں کہ سب بحران عدالتی فیصلوں کی مرحون منت ہے 2018 میں پنجاب نے ن لیگ کو مینڈیٹ دیا اس مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا ن لیگ سے حکومت چرائی گئی ن لیگ نے عدم اعتماد کے ذریعے اپنا مینڈیٹ واپس حاصل کیا لیکن سپریم کورٹ کے متنازعہ فیصلے سے پنجاب کو دوبارہ پی ٹی ائی کے حوالے کر دیا گیا۔