پاکستان میں بھی سالِ نو کا آغاز ہوگیا ہے، اس موقع پر مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
کراچی کے ساحل سی ویو پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
کراچی میں پولیس کی بھرپور انسدادی مہم کے باوجود سال نو کا استقبال شدید ہوائی فائرنگ اور زوردار پٹاخوں سے کیا گیا۔
سال 2022 کے اختتام سے چند منٹ پہلے ہی شہر بھر میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا اور سال 2023 کا آغاز زبردست ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کے ساتھ ساتھ ہلہ گلہ کے ساتھ ہوا۔
سال نو کے موقع پر شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے جس میں ایک کمسن بچے سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول، جناح اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعات صدر، گارڈن، لائٹ ہاؤس، سول اسپتال، بورڈ آفس، فائیو اسٹار، حسین آباد ، کشمیر کالونی، کھارا در، الآصف اسکوائر، عیدگاہ سومرا گلی اور عثمان آباد سمیت مختلف علاقوں میں پیش آئے۔
کراچی کے تفریحی مقام کلفٹن سی ویو، بحریہ ٹاؤن، عمار ٹاور، باغ ابن قاسم، مختلف ہوٹلوں، کلبوں اور دیگر مقامات پر سالِ نو کے استقبال کیلئے زبردست آتش بازی کی گئی۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
کلفٹن میں ساحل سمندر اور دو دریا پر شہریوں کی بڑی تعداد جشن منانے کے لیے پہنچی ہوئی تھی۔
کراچی پولیس کی جانب سے سال نو کے موقع پر ممکنہ گڑبڑ سے بچنے اور امن و امان کی بحالی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور سینئر افسران کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائی کورنگی، گلشن اقبال اور شارع فیصل میں کی گئی۔