بھارتی ریاست اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں واقع ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں نیو ایئر پارٹی کے موقع پر اس وقت دو گروپوں میں جھڑپ شروع ہوگئی جب چند مردوں نے خواتین کے ساتھ زبردستی سیلفی بنانے کی کوشش کی۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ شب نئے سال کی تقریبات کے موقع پر بعض افراد نے دو خواتین کے ساتھ سیلفی بنانے کی کوشش کی جس کے بعد ان خواتین کے شوہروں کا ہنگامہ کرنے والے ملزمان کے ساتھ جھگڑا ہوا۔
جس پر ملزمان نے نہ صرف ان کے شوہروں کو مارا بلکہ محلے کے افراد اور ہاؤسنگ سوسائٹی کے گارڈز بھی بیچ بچاؤ کے دوران زخمی ہوئے۔
بعدازاں پولیس نے دو افراد کو مار پیٹ کے الزام میں گرفتار کیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
ایک مقامی رہائشی اجیت کمار نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان نے میری اور میرے دوست کی بیوؤں کے ساتھ زبردستی سلیفیاں بنانے کی کوشش کی اور جب انہیں روکا گیا تو انہوں نے ہم پر حملہ کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ہنگامے میں زخمی ہونے والے 4 افراد کو اسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔