• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا سے ٹیرف جنگ کے دوران چینی عوام میں ’ٹرمپ ٹوائلٹ برش‘ مقبول

کولاج بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
کولاج بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر لگائے گئے ٹیرف کے بعد سے ان دونوں ممالک میں سرد جنگ کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔

امریکی ٹیرف نے چینی عوام میں امریکا کے خلاف جذبات کو مزید ہوا دی ہے۔

اس صورتِ حال میں چینی عوام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب خاص طور پر ڈیزائن کیے گئے چینی ساختہ ٹوائلٹ برش کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔


یاد رہے کہ نارنجی اور پیلے رنگ کے بالوں والا یہ ’ٹرمپ ٹوائلٹ برش‘ چین کی نئی پروڈکٹ نہیں ہے۔

یہ ٹوائلٹ برش ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ اقتدار میں سامنے آیا تھا جس کی فروخت میں اب ایک بار پھر سے ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب اس ٹوائلٹ برش کو پہلے امریکی صدر کی بے تحاشہ مقبولیت کے سبب بنایا گیا تھا جبکہ اب اسے معاشی جنگ کے بدلے کے طور پر خریدا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ییوو نامی چینی شہر میں کئی چھوٹی فیکٹریاں موجود ہیں جو کم لاگت والی پلاسٹک کی مصنوعات تیار کرنے کے لیے مشہور ہیں، انہی پلاسٹک مصنوعات میں ایک یہ ’ٹرمپ ٹوائلٹ برش‘ بھی ہے۔

دوسری جانب ناصرف چینی حکام امریکا سے کاروباری سطح پر جنگ کے میدان میں سرگرم نظر آ رہے ہیں وہیں اب چینی عوام بھی سوشل میڈیا پر امریکی مصنوعات مخالف مہم چلا رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے کئی کاروباری اداروں نے اپنے تئیں ٹیرف لگا کر امریکا کے خلاف جوابی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید