ایشیا کی سب سے امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے 27 منزلہ گھر ’اینٹیلیا‘ میں ایک بھی روایتی ایئرکنڈیشن یونٹ نصب نہیں ہے جبکہ یہ پرتعیش عالیشان گھر اس کے باوجود ٹھنڈا رہتا ہے۔
2025ء کی امیر ترین شخصیات کی فہرست کے مطابق ایشیاء کی سب سے امیر شخصیت مکیش امبانی ہے جن کی مجموعی دولت و اثاثوں کی مالیت 86.9 بلین ڈالرز ہے۔
مکیش امبانی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین ہیں۔
بھارتی ارب پتی صنعت کار مکیش امبانی اور ان کی اہلیہ نیتا امبانی کا ممبئی میں واقع عالیشان گھر دنیا کے مہنگے اور منفرد ترین گھروں میں شامل ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہونے کے سبب مشہور بلڈنگ اینٹیلیا کی قیمت تقریباً 15,000 کروڑ بھارتی روپے ہے جس کی 27 منزلیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انٹیلیا میں روایتی ایئر کنڈیشن یونٹس نصب نہیں ہیں جس کے باوجود یہ عمارت ٹھنڈی رہتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ سال قبل ایک معروف ماڈل شریا دھنونتھری نے ’دی لو لاف لائیو شو‘ میں اینٹیلیا کے بارے میں اپنا تجربہ شیئر کیا تھا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ جب میں نے اینٹیلیا کا دورہ کیا تو اس دوران میں انتہائی سرد درجۂ حرارت کی وجہ سے ٹھٹھر رہی تھی، میں نے فلور منیجر سے درجۂ حرارت کو کنٹرول کرنے کی درخواست کی اور مجھے یہ جان کر حیرت ہوئی کہ پھولوں اور سنگِ مرمر کی وجہ سے ایئرکنڈیشن کا درجۂ حرارت کم نہیں ہو سکتا۔
شریا دھنونتھری نے بتایا کہ مجھے فلور منیجر نے کہا کہ پھولوں اور ماربل کو ایک خاص درجۂ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے، اسی لیے اینٹیلیا میں آؤٹ ڈور یونٹ کے ساتھ روایتی ایئر کنڈیشن نہیں بلکہ سینٹرلائزڈ اے سی سسٹم ہے، جہاں ماربل، پھولوں، پودوں اور اشیاء کی ضرورت کے مطابق درجۂ حرارت کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 27 منزلہ اینٹیلیا کا درجۂ حرارت ایک جدید ترین مرکزی کولنگ سسٹم کے ذریعے سیٹ کیا گیا ہے جس کی ٹھنڈک لوگوں کے لیے نہیں بلکہ اس گھر میں لگے ماربل، پھولوں اور اندرونی اشیاء کو محفوظ رکھنے کے لیے ہے۔
اس کے علاوہ اینٹیلیا میں دیگر جدید سہولتیں بھی موجود ہیں جیسے کہ ایک ’اسنو روم‘ جہاں دیواروں سے مصنوعی برف کے ذرات خارج ہوتے ہیں اور ممبئی کی سخت گرمی میں گھر کے مکینوں کو راحت فراہم کرتے ہیں۔