کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ نہ لے سکے تو رن آف سلیکشن ہوگا لگتا ہے پرویز الٰہی آج کل آئین پاکستان نہیں آئین عمرانیات پڑھ رہے ہیں، سربراہ پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ گورنر کے احکامات کے بعد وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینا ہی پڑے گا،سینئر صحافی و تجزیہ کار رؤف کلاسرا نے کہا کہ اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل ن لیگ کے دو مختلف گروپوں کی نمائندگی کرتے ہیں،مفتاح اسماعیل نے اس دفعہ اسحاق ڈار پر بڑے سنجیدہ حملے کئے ہیں۔ ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لگتا ہے پرویز الٰہی آج کل آئین پاکستان نہیں آئین عمرانیات پڑھ رہے ہیں، پرویز الٰہی کو آئین اور پنجاب اسمبلی کے رولز نظر نہیں آرہے ہیں، وقت کے ساتھ پرویز الٰہی کی ٹون میں تبدیلی آتی جارہی ہے، پہلے کہتے تھے اعتماد کا ووٹ لے لیں گے اب کہتے ہیں ہمیں اعتماد کا ووٹ لینا ہی نہیں ہے،، پرویز الٰہی نے بطور وزیراعلیٰ بہت دن موجیں کرلی ہیں۔سربراہ پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ پرویز الٰہی کے پاس نمبرز پورے ہوتے تو اعتماد کا ووٹ پہلے ہی لے لیتے، قانونی طور پر اعتماد کے ووٹ جیسی آئینی ضرورت کسی وجہ سے ساقط نہیں ہوسکتی، گورنر کے احکامات کے بعد وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینا ہی پڑے گا، پرویز الٰہی کے نمبرز پورے ہوگئے تو گیارہ جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ لے لیں گے۔