وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آٹے کی مصنوعی قلت کرکے غریب عوام کیلئے مہنگائی کرنے والوں کو سزا دے گی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت و ذخیرہ اندوزی پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، کسی کو گندم کی مصنوعی قلت کرکے ناجائز منافع خوری نہیں کرنے دیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ صوبے اپنے اور پاسکو کے ذخائر سے آٹا ملز تک گندم کی بروقت رسد یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کی بروقت ترسیل کیلئے صوبے اپنی گورننس بہتر بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے آٹے، گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت اقدامات کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے آٹے کے 40 کلو تھیلے کی قیمت تقریباً ہزار روپے کم ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں گندم کے ذخائر کا جائزہ لیا۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، 13 لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم کا اسٹاک بھی ملک میں پہنچ گیا ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ رواں ماہ کے اختتام پر درآمدی گندم کا مزید اتنا ہی اسٹاک پہنچ جائے گا۔
رواں سال سیزن کے اختتام پر گندم کے کیری فارورڈ اسٹاک 14 لاکھ میٹرک ٹن ہوں گے۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ اسٹاک نیا سیزن شروع ہونے سے پہلے ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں۔