• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری حکومت نے مشکل فیصلوں کی سیاسی قیمت ادا کی، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے مشکل فیصلوں کی سیاسی قیمت ادا کی ہے، عمران خان نے ساڑھے تین سال گزار دیے، مشکل فیصلے نہیں کیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، اس کی سیاسی قیمت ادا کرنا ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف ہی مشکل فیصلے کرسکتے ہیں، مشکل فیصلے جو بھی کرے گا، سیاسی قیمت ادا کرے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ  غلط فیصلوں سے ریئل اسٹیٹ میں اتنا پیسہ چلا گیا کہ معیشت ہلا کر رکھ دی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ریویو مکمل کرنے ہیں، ڈالر کی قیمت کو اصل جگہ پر لانا ہے۔ 

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے والے کو احساس ہونا چاہیے کہ اس کی ذمہ داریاں کیا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے سب کو آزما لیا ہے، مسائل کے حل کی کوئی بات نہیں کرتا، ایک دوسرے پر الزامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اگلی حکومت کی ترجیح عوامی مسائل ہوں، الزامات نہ ہوں، بڑے فورم کی ضرورت ہے جہاں مسئلے سے متعلق بات ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلمان شہباز کی ٹوئٹ کی حمایت نہیں کرسکتا، کسی جماعت کے وزیر خزانہ سے متعلق ایسی بات ٹھیک نہیں، وزیر خزانہ کی پالیسی پر تنقید کرسکتے ہیں، ذاتیات کی بات مناسب نہیں۔

قومی خبریں سے مزید