ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نئی امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی اور معاشی دہشتگردی قرار دیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل اور رکن ممالک کو خط لکھ دیا ہے۔
خط میں عباس عراقچی نے واشنگٹن پر الزام عائد کیا کہ وہ جنگ میں اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی اور دوسرے ممالک کو اپنی مہم میں شامل کرنے کے لیے قائل نہ کرنے کے بعد اب ایران کے دیگر ممالک سے اقتصادی تعلقات کو منقطع کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی پابندیاں خوراک، ادویات، طبی آلات، توانائی اور دیگر اشیائے ضروریہ تک رسائی کو محدود کرکے جان بوجھ کر شہریوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
ایران نے سلامتی کونسل اور اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ان اقدامات کی مذمت اور انہیں مسترد کریں۔
عباس عراقچی نے دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکی پابندیوں کو تسلیم نہ کریں اور نہ ہی ان کا نفاذ کریں، امریکا تیسرے ممالک پر دباؤ ڈالنا بند کرے۔