وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میری پارٹی الیکشن جیتی تو بطور وزیراعظم مخلوط حکومت بنانےکی کوشش کروں گا۔ دہشت گردی سے نمٹنے کا واحد راستہ جمہوریت ہے۔
امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم وزیراعظم شہباز شریف سے صدر بائیڈن کے مزید روابط کی توقع رکھتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان ایک حقیقت ہے۔ ہمیں عبوری افغان حکومت سے پہلے سے زیادہ روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد گروپوں سے متعلق پاکستان اور امریکا کے مفادات یکساں ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے چیلنج پر فوجی اور سیاسی قیادت واضح مؤقف رکھتی ہے۔ افسوس کہ عمران خان کی حکومت ٹی ٹی پی کی طرف نرم گوشہ رکھتی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف ٹی ٹی پی والوں کو رہا کیا بلکہ ان سے مذاکرات بھی کیے۔ وزیرخارجہ نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دہشتگرد تنظیم سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔