پولیس نے کلرسیداں کے مدرسے میں مبینہ تشدد سے 9 سالہ طالب علم کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج کر کے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا طالب علم فیضان بھکر کا رہائشی تھا اور 4 ماہ قبل مدرسے میں داخل ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق طبیعت خراب ہونے پر مدرسے کی انتظامیہ نے والدین کو اطلاع دی، تاہم والدین کے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی بچہ دم توڑ چکا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میت بھکر منتقل کیے جانے کے بعد والدین نے غسل دیتے وقت بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات دیکھے۔
تشدد کے نشانات سامنے آنے پر اہلِ خانہ نے پولیس سے رابطہ کیا اور بچے کی لاش کلرسیداں لے آئے، جہاں پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔
کلرسیداں پولیس نے مقدمہ درج کر کے 2 ملزمان کو تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں جو بھی افراد ملوث پائے گئے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔