• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی بلدیاتی انتخابات میں بے ضابطگی پر آراوز کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، الیکشن کمیشن، جماعت اسلامی سے 7 روز میں دھاندلی کے ثبوت طلب

اسلام آباد( نیوز ایجنسی ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں بے ضابطگی ثابت ہوئی تو آر اوز کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، بدھ کو سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بنچ نے کراچی بلدیاتی انتخابات سے متعلق جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کی، جماعت اسلامی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ الیکشن میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگی ہوئی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ ان یوسیز کی شکایت درج کرائیں ، ہم الیکشن دوبارہ کرا دیں گے،سکندر سلطان نے جماع اسلامی سے 7روز میں دھاندلی کے ثبوت بھی مانگ لئے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم نے مجھ سے کہا کہ آر او کا رزلٹ الگ اور فارم الیون کا الگ آرہا ہے، اگر فرق آرہا ہے تو وہ درست ہو جائے گا، پیپلز پارٹی بلدیاتی سیل کے انچارج نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سوا کسی جماعت نے شکایت درج نہیں کرائی، سب لوگ مطمئن ہیں، شہر میں کسی کو شکایت نہیں ، صرف جماعت اسلامی کو ہے، ہارنے پر سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ پریذائیڈنگ افسران کی جانب سے ووٹوں کی گنتی میں ہی غلطی کر دی گئی، ایک یو سی میں فارم 11 کے مطابق جماعت اسلامی کے 2088 اور پیپلزپارٹی کے 546 ووٹ تھے، لیکن آر او رزلٹ میں پیپلز پارٹی کے ووٹ 1988 کر دیئے گئے، آر اوز اور پولنگ عملے نے بہت زیادتیاں کیں، تین پولنگ سٹیشن پر وہ پولیس کے ساتھ آئے اور ڈبے لیکر بھاگ گئے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ ان یوسیز کی شکایت درج کرائیں ، ہم الیکشن دوبارہ کرا دیں گے ، فارم الیون سب سے اہم فارم ہے، اس حوالے سے سختی سے تاکید کی تھی۔سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات سنجیدگی سے لئے ہیں، الیکشن کمیشن کسی بھی محکمے کے لوگوں کو سزا دے سکتا ہے ، ڈسکہ کی مثال آپ کے سامنے ہے، اس معاملے میں کچھ ہوا تو مثال بنائیں گے، جماعت اسلامی یونین کونسل کے فارم الیون اور آر او کے نتائج الیکشن کمیشن کو فراہم کریں ، جس شخص کی غلطی ہوئی اس کے خلاف ایکشن لیں گے۔

اہم خبریں سے مزید