• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی سابق وکیل الینا حبہ اور ترک ارب پتی ترہان کی شادی پر 1 کروڑ ڈالر خرچ کیے گئے

فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق ذاتی وکیل اور سابق قائم مقام نیو جرسی امریکی اٹارنی الینا حبہ نے ترک ارب پتی ترہان ملدون سے شادی کرلی۔

42 سالہ الینا حبہ اور 29 سالہ ترہان ملدون کی شادی نیو یارک کے معروف والڈورف آسٹوریا ہوٹل میں ہوئی، جہاں تقریب کے لیے چوتھی منزل کا بال روم بک کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب پر تقریباً 10 ملین (ایک کروڑ) ڈالر اخراجات کا اندازہ لگایا گیا ہے، جبکہ ہال کو دنیا بھر سے منگوائے گئے تقریباً 9 لاکھ تازہ پھولوں سے سجایا گیا تھا۔

الینا حبہ نے شادی کی تقریب کے دوران تین مختلف عروسی ملبوسات زیب تن کیے۔ تقریب میں ٹرمپ انتظامیہ سے وابستہ کئی اہم شخصیات سمیت بین الاقوامی مہمانوں نے شرکت کی۔

شادی کی تقریب میں 30 رکنی بینڈ نے پرفارم کیا، جبکہ جوڑے کے پہلے رقص کے لیے فرانس سے خصوصی طور پر ایک گلوکار کو بلایا گیا، تقریب کے بعد ہونے والی پارٹی میں تین مرتبہ گریمی ایوارڈ یافتہ ریپر نیلی نے پرفارم کیا۔

رپورٹ کے مطابق الینا حبہ اور ملدون کو پہلی مرتبہ اپریل میں وائٹ ہاؤس کرسپانڈنٹس ڈنر میں ایک ساتھ عوامی طور پر دیکھا گیا تھا، بعد ازاں دونوں واشنگٹن ڈی سی کے ایک نجی کلب میں بھی ایک ساتھ نظر آئے۔

الینا حبہ 2021 میں ٹرمپ کی ذاتی وکیل بننے کے بعد نمایاں ہوئیں۔ وہ گزشتہ سال مختصر عرصے کے لیے وائٹ ہاؤس میں صدر کی مشیر بھی رہیں اور بعد میں نیو جرسی کے امریکی اٹارنی دفتر کی سربراہ مقرر ہوئیں۔

یہ الینا حبہ کی تیسری شادی ہوگی۔ انہوں نے اپنے پہلے شوہر اور وکیل میتھیو ایئٹ سے 2019 میں طلاق لی تھی، جبکہ دوسرے شوہر گریگ روبن سے بھی ان کی طلاق ہو چکی ہے۔ ترہان ملدون بھی شادی شدہ رہ چکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید