• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لسبیلہ: مسافر کوچ کو حادثہ، 42 افراد جاں بحق


بلوچستان کے علاقے بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ کے 2 مزید زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم ندیم کے مطابق حادثے کی جگہ سے 4 زخمیوں کو نکالا گیا جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 2 افراد علاج کے دوران جاں بحق ہو گئے۔

حمزہ انجم ندیم نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو فرسٹ ایڈ دے کر مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں حادثے کے 2 زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گری جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔

حمزہ انجم ندیم کا کہنا ہے کہ متاثرہ کوچ سے نکالی گئی لاشیں ناقابلِ شناخت ہیں جن کا شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق حادثے کی جگہ پر ریسکیو کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مسافر کوچ میں 48 افراد سوار تھے جو کوئٹہ سے کراچی جا رہے تھے۔

چینکی اسٹاپ کے قریب مذکورہ مسافر کوچ کھائی میں گرنے کے بعد اس میں آگ لگ گئی تھی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر کوچ میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

3 میتیں ورثاء کے حوالے

ریسکیو ذرائع کے مطابق بس حادثے میں جاں بحق 3 افراد کی میتیں ورثاء کی شناخت کے بعد کوئٹہ روانہ کر دی گئی ہیں۔

ریسکیو ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ قانونی کارروائی کے بعد 38 میتوں کو کراچی کے سرد خانے منتقل کیا جائے گا۔

حادثے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا بیان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیلہ میں کوچ کے المناک حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سی قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدمہ ہوا ہے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ انتظامیہ ریسکیو آپریشن جاری رکھ کر زخمیوں کو فوری اسپتالوں میں پہنچائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق مسافروں کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید