• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عموماً ’’یادگاری ڈاک ٹکٹ‘‘ اہم موضوعات، قدیم و جدید عمارات، مقامات یا اہم تاریخی شخصیات کی تصاویر پر مبنی ہوتے ہیں۔ نیز کسی بھی ملک کے محکمۂ ڈاک کی جانب سے جاری ہونے والے یہ ڈاک ٹکٹ کسی مخصوص واقعے یا سال گرہ کی مناسسبت سےبھی ہوسکتے ہیں۔ پاکستان پوسٹ نے قیامِ پاکستان کے بعد ہی سے مختلف اقسام و مالیت کے ڈاک ٹکٹس جاری کرنے کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔ 

اس حوالے سے سب سے پہلا ڈاک ٹکٹ تقسیمِ ہند کے دو ماہ بعد، یکم اکتوبر 1947ء کو ہندوستانی ڈاک ٹکٹ پر لفظ پاکستان طبع کرواکر جاری کیا گیا۔ تاہم، آزاد حیثیت سے پاکستان کا پہلا ڈاک ٹکٹ، چار مختلف ڈیزائنز میں9جولائی 1948ء کو جاری کیا گیا۔ بعدازاں، محکمۂ ڈاک نے16جولائی 1948ء کو چار ٹکٹس پر مشتمل پہلا سیٹ جاری کیا،جس کے ٹکٹوں کی مالیت ڈیڑھ آنے، ڈھائی آنے، تین آنے اور ایک روپیا تھی۔

ڈاک کے ان ٹکٹس کا نمونہ مشہور آرٹسٹ عبدالرحمٰن چغتائی نے تیار کیا تھا۔ اسّی اور نوّے کی دہائی سے پاکستان کے ڈاک ٹکٹس میں موضوعات کی رنگا رنگی نمایاں طورپر نظر آنے لگی۔ ان عنوانات میں مقامی شاعروں، ادیبوں، مصوّروں اور دانش وَروں کی تصاویر، مقامی دست کاریاں اور مفادِ عامّہ کے پیغامات شامل ہونے لگے، لہٰذا یہ کہا جاسکتا ہے کہ ڈاک ٹکٹس کے متنوع موضوعات سال بہ سال بدلتے ہوئے پاکستان کے آئینہ دار ہیں۔

2022ء میں پاکستان پوسٹ نے مختلف اہم مواقع اور عظیم شخصیات کی یاد میں کُل 15خُوب صُورت ڈاک ٹکٹس اور ایک یادگاری تختی جاری کی۔جن میں 14یادگاری ٹکٹس اور ایک عوامی ٹکٹ شامل ہے۔ اس حوالے سے اکتوبر 2022ء میں ’’انٹرنیشنل نیو مسمیٹک سوسائٹی‘‘ کے صدر، ساجد محمود نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں ٹکٹس کی نمائشی تقریب منعقد کی، جب کہ ’’پاکستان فلیٹک اینڈ نیو مسمیٹک میگزین‘‘ کے محمد راشد اور ڈاکٹر مدثر نے فیصل آباد میں’’لائل پوراسٹیمپ آکشن‘‘ (ڈاک ٹکٹ نیلامی) کا انعقاد کیا، جس میں متعلقہ شعبے کے شائقینِ نے خاص دل چسپی ظاہر کی۔ علاوہ ازیں، پاکستان میں ڈاک ٹکٹس کے حوالے سے گزشتہ برس کثیر الاشاعت جریدے ’’پاکستان فلیٹلک اینڈ نیو مسمیٹک میگزین‘‘ کے تین شمارے شایع کیے گئے۔ واضح رہے کہ مذکورہ میگزین بین الااقوامی نمائشوں میں کئی سلور میڈل حاصل کرچکا ہے۔

ذیل میں سال 2022ء میں مختلف مواقع اور شخصیات کے حوالے سے جاری کیے جانے والے ڈاک ٹکٹس کی تفصیلات پیشِ خدمت ہیں۔

جاپان اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے70 سال 

یکم جنوری..... پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات 28اپریل 1952ء کو قائم ہوئے۔ جس کے بعد ہی سے دونوں ممالک کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات استوار ہیں۔ دونوں ممالک کی دوستی کے 70برس مکمل ہونے پرپاکستان کےمحکمۂ ڈاک نے خیرسگالی کے طور پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ 

اس مناسبت سے ایک تقریب ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانے میں بھی منعقد ہوئی، جس میں جاپان اور پاکستان کے سیاسی، سفارتی اور کاروباری افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانی پوسٹل ٹکٹس کی نمائش بھی کی گئی اور اس میں بڑی تعداد میں جاپانی و پاکستانی شریک ہوئے۔ یکم جنوری کوجاری ہونے والے اس ڈاک ٹکٹ کی مالیت 20/- روپے، جب کہ اس کا سائز 81x40ایم ایم ہے۔ایک شیٹ میں 24 ٹکٹ ہیں اور کُل چار لاکھ ٹکٹ جاری کیے گئے۔

پاکستان اور اسپین کے سفارتی تعلقات کے 70سال 

14 جنوری.....پاکستان اور اسپین کے سفارتی تعلقات کے 70سال مکمل ہونے اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی، اقتصادی و باہمی دل چسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے محکمۂ ڈاک نے خصوصی ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا۔ 

تاہم، محکمۂ ڈاک کی جانب سے جاری کردہ لیف لیٹ کے مطابق ٹکٹ پربادشاہی مسجد، لاہور اور قرطبہ کی تاریخی مسجد کی تصاویرکی بجائے اِسلامیہ کالج پشاور کی تصویر طبع ہوگئی، اِس غلطی کی وجہ سے لیف لیٹ کو واپس لے لیا گیا۔ بہرحال، بعدازاں اس موقعے پر پاکستان کے محکمۂ ڈاک نے20/- روپے مالیت کے 2ٹکٹ جاری کیے، جن کا سائز 50.5x35ایم ایم ہے۔ ایک شیٹ میں کُل 32 ٹکٹ پر مشتمل کُل 4لاکھ ٹکٹ جاری کیے گئے۔

اِسلامی وزرائے خارجہ کا 48واں اجلاس

23-22 مارچ.....اسلامی وزارئے خارجہ کا48واں اجلاس 23-22مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کا انعقاد پاکستان کی پلاٹینیم جوبلی کی تقریبات کے دوران ہوا، جس سے اس کی اہمیت دوچند ہوگئی۔ وزرائے خارجہ کی کائونسل، اسلامی تعاون تنظیم کا اہم فیصلہ ساز ادارہ ہے، جو او آئی سی کے ہر رکن ملک کے ایک نمائندے پر مشتمل ہے۔ یہ فیصلہ سازی پر مبنی سب سے بڑی بین الحکومتی تنظیم ہے، جو ہر سال اسلامی سربراہی اجلاس کے نام سے کانفرنس منعقد کرتی ہے۔

اس کا پہلا سربراہی اجلاس 3ستمبر 1969ء کو رباط، مراکش میں ہوا، جب کہ48واں اجلاس 22تا 23مارچ 2022ء اسلام آباد، پاکستان میں ہوا۔ اس موقعے پر پاکستان کے متعلقہ محکمے نے 20/- روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ کا سائز60x30.5 ایم ایم ہے، جب کہ ایک شیٹ میں کُل 18ٹکٹ ہیں۔ کُل4لاکھ ٹکٹ طبع کیے گئے، جب کہ نمونہ مسعود الرحمٰن نے تیار کیا۔

لاہور کالج برائے خواتین یونی ورسٹی، لاہورکے100 سال 

25مئی..... لاہور کالج برائے خواتین یونی ورسٹی کو پاکستان کی قدیم ترین اور خواتین کی بڑی یونی ورسٹیز میں سے ایک ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس کا شمار ایل سی ڈبلیو یو پاکستان کی 36یونیورسٹیز میں چھٹے نمبر پر ہوتا ہے۔ جہاں 500 اساتذہ تقریباً16ہزار سے زائد طالبات کو زیورِ علم سے آراستہ کررہے ہیں۔ اس کالج کے 100سال مکمل ہونے پر پاکستان کےمحکمۂ ڈاک نے20/- روپے مالیت کا یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا،جس کا سائز 50.5x35 ایم ایم ہے، جب کہ ایک شیٹ میں کُل18ٹکٹ ہیں۔ دو لاکھ کی تعداد میں طبع ہونے والے ٹکٹ کا نمونہ مغیث خان نے تیار کیا۔

اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے 100سال

25جولائی..... پاکستان کی پیٹرولیم کمپنی، اٹک ریفائنری لمیٹڈ کا قیام 1922ء میں عمل میں آیا۔ یہ ریفائنری 40مختلف اقسام کے تیل کی پروسیسنگ کرتی ہے۔ ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق، اٹک ریفائنری لمیٹڈ نے گزشتہ برس جولائی تا ستمبر، گزشتہ مالی سال کی اسی مدّت کے مقابلے میں کثیر محصولات اور منافع کمایا۔ 

اے ٹی آر ایل1922 ء میں قائم کیا گیا تھا۔ ادارے کی کارکردگی کے 100سال مکمل ہونے پر پاکستان کےمحکمۂ ڈاک نے20/- روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ کا سائز 60x30.5ایم ایم ہے اور ایک شیٹ میں کُل18ٹکٹ ہیں۔دو لاکھ کی تعداد میں جاری کیے گئے اس ٹکٹ کا نمونہ مسعو د الرحمٰن نے تیار کیا ۔

قیامِ پاکستان کے75سال

14 اگست ..... جمعرات 14اگست 1947ء، 27رمضان المبارک، لیلۃ القدر کی مبارک اور پُرسعادت رات ٹھیک بارہ بجے ریڈیو پر صدا گونجی ’’یہ پاکستان براڈ کاسٹنگ سروس ہے۔‘‘ اس طرح سات سالہ شان دار، پُرامن جمہوری جدوجہد سے دنیا کی سب سے بڑی اسلامی ریاست پاکستان وجود میں آئی۔

قبل ازیں، 14اگست 1947ء کی صبح نو بجےکراچی میں پاکستان کی پہلی دستور سازاسمبلی کے اجلاس میں آخری وائسرائے ہند، لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے تاج دارِ برطانیہ، شاہ جارج ششم کا پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں اہلِ پاکستان کو آزادی کی مبارک دی گئی۔ 

پاکستان کے قیام کے75سال مکمل ہونے پر14اگست 2022ء کومحکمۂ ڈاک نے 20/- روپے مالیت کے دو یادگاری ڈاک ٹکٹ اور75روپے مالیت کی ایک یادگاری تختی جاری کی۔ ٹکٹ کا سائز56x35ایم ایم ہے۔ ایک شیٹ میں کُل 15ٹکٹس ہیں۔ اِس موقعے پر 5لاکھ ٹکٹ جاری کیے گئے۔ یادگاری تختی کا سائز102x133ایم ایم ہے اور کُل 20ہزار یادگاری تختیاں طبع کی گئی ہیں۔

عالمی ڈیفینس نمائش و سمینار2022ء IDEAS

15تا16نومبر..... ’’آئیڈیاز‘‘ نے اپنے آغاز سے لے کر اب تک بین الاقوامی سطح پر تیزی سے ترقی کی ہے۔دفاعی شعبے میں پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے آئیڈیاز کی نمائش کے دوران مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات یعنی مین بیٹل ٹینک الخالد، لڑاکا طیارہ جے ایف ۔ 17تھنڈر، تربیتی ہوائی جہاز K-8اور بغیر پائلٹ کی فضائی گاڑیاں وغیرہ رکھی گئیں۔ 

اس پلیٹ فارم نے بین الاقوامی مندوبین اور زائرین کو پاکستان کی دفاعی تیاری اور تربیتی صلاحیتوں سے متعلق بصیرت حاصل کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا۔ڈیفینس پروموشن آرگنائزیشن اور وزارتِ ڈیفینس پروڈکشن نے عالمی ڈیفینس نمائش کا انعقاد14اگست 2022ء کو کیا۔ اس موقعے پر پاکستان کےمحکمۂ ڈاک نے20/- روپے مالیت ڈاک کا ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ کا سائز 56x35ایم ایم ہے اور ایک شیٹ میں کُل 15ٹکٹس ہیں اور یہ دو لاکھ کی تعداد میں جاری کیے گئے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کے قیام کے 75سال 

14 نومبر..... انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کا قیام 1936ء میں دہلی میں عمل میں آیا۔ 

تاہم، قیام ِ پاکستان کے بعد بیرسٹر خواجہ سرور حسن نے انسٹی ٹیوٹ کے تمام اثاثے کراچی منتقل کردیے، اس طرح پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کا قیام عمل میں آیا۔ 

اس ادارے کے قیام کے75سال مکمل ہونے پر محکمۂ ڈاک نے 20/- روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ کا سائز56x56ایم ایم ہے اور ایک شیٹ میں کُل 9 ٹکٹس ہیں،جو دو لاکھ کی تعداد میں جاری کیے گئے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے سفارتی تعلقات کے 75سال

15 نومبر..... پاکستان اور آسٹریلیا کے سفارتی تعلقات قیامِ پاکستان کے فوری بعد ہی قائم ہوگئے تھے اور یہ گزشتہ 75برسوں سے بہت خوش گواربنیادوں پرقائم ہیں۔ پاکستان، آسٹریلیا کے ساتھ اپنی دوستی کوبہت اہمیت دیتا ہے۔ سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر پاکستان کےمحکمۂ ڈاک نے 20/- روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ پر پاکستان کے پارلیمنٹ ہائوس، اسلام آباد اور آسٹریلیا کے پارلیمنٹ ہائوس کی تصاویر نمایاں ہیں۔ ٹکٹ کا سائز 81x40 ایم ایم ہے اور ایک شیٹ میں کُل 20ٹکٹ ہیں۔ دو لاکھ کی تعداد میں جاری ہونے والے ٹکٹ کا نمونہ مغیث خان نے تیار کیا ہے۔

قدیم درس گاہ IDARIEU کے ایک سو سال

23نومبر..... بصارت اور قوتِ گویائی و سماعت سے محروم بچّوں کی سب سے قدیم درس گاہ IDARIEU کے قیام کے ایک سو سال مکمل ہونے پر 23 نومبر 2022ء کو پاکستان کے محکمۂ ڈاک نے 20/- روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ ٹکٹ کا سائز 60x30.5 ایم ایم ہے اور ایک شیٹ میں 15ٹکٹس ہیں۔ دو لاکھ کی تعداد میں جاری کیے گئے ان ٹکٹس کا ڈیزائن مفریس خان نے تیارکیا۔

پاکستان اور امریکا کے سفارتی تعلقات کے 75سال

27 دسمبر..... قیامِ پاکستان کےاوائل ہی سے امریکا اور پاکستان کے سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ امریکا نے مختلف مواقع پر پاکستان کو معاشی، اخلاقی، سماجی بلکہ ہر شعبۂ زندگی میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ امریکا اور پاکستان کے مابین دیرینہ دوستی کے75 سال مکمل ہونے پر پاکستان کےمحکمۂ ڈاک نے20/- روپے مالیت کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ اس یادگاری ڈاک ٹکٹ پر مینارِ پاکستان، لاہور اور مجسّمۂ آزادی (امریکا) کی خُوب صُورت عکّاسی کی گئی، جو دونوں ممالک کی انتہائی باوقار اور معزز جمہوریتوں کی علامات ہیں۔ ٹکٹ کا سائز 56x35ایم ایم ہے اور ایک شیٹ میں16ٹکٹس ہیں۔ یہ دو لاکھ کی تعداد میں جاری کیے گئے۔

ایشین پیسیفک پوسٹل یونین (APPU) کے قیام کے 60 سال 

28 دسمبر..... ایشین پیسیفک پوسٹل یونین (APPU) 1961 ء میں یونیورسل پوسٹل یونین (UPU) کے آرٹیکل 8 کے تحت قائم ہوئی۔ اس کے قیام کا مقصد ایشیاء کے رُکن ممالک کو ڈاک کے نظام میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ 23رکن ممالک کی اس عالم گیر تنظیم کے60 سال مکمل ہونے پر28دسمبر2022ء کو 20/- روپے مالیت کا ٹکٹ جاری کیا گیا۔ ٹکٹ کا سائز 56x56 ایم ایم ہے اور یہ دو لاکھ کی تعداد میں جاری کیے گئے۔ ان ٹکٹس کا ڈیزائن اسد مختار نے تیارکیا۔

علّامہ اقبال کی تصویر پر مبنی عوامی ڈاک ٹکٹ

30 دسمبر... شاعرِ مشرق، ڈاکٹر علّامہ محمد اقبال مصوّر پاکستان ہی نہیں، پاکستان کے قومی شاعر بھی ہیں۔ اُن کی لازوال، انقلابی شاعری اردو اور فارسی زبانوں پر مشتمل ہے۔ 30دسمبر کو پاکستان کےمحکمۂ ڈاک نے قومی شاعر کی تصویر پر مبنی 68/- روپے مالیت کاعوامی ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔

اس طرح سالِ رفتہ میں محکمۂ ڈاک کُل 13یادگاری/ عوامی ٹکٹس جاری کیے، جو بلاشبہ پاکستان کی تاریخ و ثقافت کے اعتبار سے بے حد اہمیت کے حامل ہیں۔