اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے معاملے کو سیاسی طور پر حل نہ کیا گیا تو اس کا خاتمہ نہیں ہو گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے بہت سے خوفناک روپ دیکھے۔ پاکستانی فوج ، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے سکیورٹی اداروں کی محنت سے ہم دہشتگردی سے بچ پائے۔ پاکستان کی فوج اور ادارے ہمارا فخر ہیں ، ان کی مدد سے دوبارہ دہشت گردی پر قابو پا لیں گے۔ فواد چوہدری نے دہشتگردی کے معاملے کی سیاسی طور پر بہتر ہینڈلنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت گئی،دہشت گردی کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔