پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات میں اصلاحات اور ان پر اقدامات پر اتفاق رائے ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق مالیاتی پالیسیوں پر بات ہوئی، باہمی اقتصادی اور مالیاتی پالیسی کا مسودہ آج فائنل کیا جائے گا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کے 9 ویں روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے آئی ایم ایف مشن چیف کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی، آئی ایم ایف مشن چیف نے وزیر خزانہ کو مذاکرات میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن چیف نے کہا کہ مذاکرات کا میوچل اکنامک اینڈ فسکل پالیسی مسودہ مرتب کر رہے ہیں، ایم ای ایف پی کا ڈرافٹ آج فائنل کر لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف نے بتایا آج کے مذاکرات میں فسکل پالیسیوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی، مذاکرات میں اصلاحات اور ان کے نتیجے میں کیے گئے اقدامات پر اتفاق رائے پایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا کل آخری روز ہے۔
اس سے قبل وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ حکومت اور آئی ایم ایف وفد سے مذاکرات میں ہونے والے فیصلوں کی وزیراعظم سے منظوری لے لی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پاکستان کی ضرورت ہے۔آئی ایم ایف سے مذاکرات میں اب چیزوں کے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔